داعش کیخلاف امریکی فوج شام اور عراق بھیجنے کا امکان نہیں: ہلیری کلنٹن

ہلیری کلنٹن ہلیری کلنٹن

سابق امریکی خاتون اول اورحکمران جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف لڑنے کیلئے امریکی فوجیوں کو شام اور عراق بھیجے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

امریکی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ داعش نے اپنی حکمت عملی کے تحت جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش کوشکست دینے کیلئے ہمیں بھی اس کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے توجہ مرکوزکرنی ہو گی۔

ہلیری کلنٹن نے مزید کہا کہ داعش کے خلاف امریکی حکمت عملی کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ جہاں جہاں بھی داعش کا وجود پایا جاتا ہے وہاں اس کے خلاف برسرپیکار گروپوں کی بھرپور مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شام اور عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے موثر ثابت ہو رہے ہیں۔

یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے حال ہی میں شام کے شمالی علاقے میں 50 امریکی کمانڈوز کو تعینات کرنے کی منظوری دی ہے تاہم امریکی حکام کے مطابق یہ کمانڈوز براہ راست جنگی کارروائیوں میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ ان کا کردار مشاورتی ہوگا۔

install suchtv android app on google app store