’ نماز فیس بک پر وقت گزارنے سے بہتر ہے‘ کے الفاظ اذان میں شامل کرنے پر مصری موذن معطل

مصر میں ایک موذن کو اذان کے الفاظ میں تبدیلی کرنے پر انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔ملک کی وزارتِ مذہبی امور دریائے نیل کے ڈیلٹا کے علاقے کے قصبے کفر الدوار سے تعلق رکھنے والے محمود المغازی کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے۔

محمود المغازی پر الزام ہے کہ وہ فجر کی اذان میں الصلوة خیرمن النوم (نماز نیند سے بہتر ہے) کی جگہ کہتے رہے کہ نماز فیس بک پر وقت گزارنے سے بہتر ہے جس پر سعید غازی نامی مسجد کے نمازی نے ان کےخلاف شکایات درج کروائی ہیں۔

ان شکایات کے بعد وزارتِ مذہبی امور نے انھیں تحقیقات کی تکمیل تک معطل کر دیا ہے۔

ایک ٹی وی شو پر ایک نمازی نے محمود کو بدعتی قرار دیا اور کہا کہ موذن کی اس حرکت کی وجہ سے انھوں نے اس مسجد میں نماز کی ادائیگی ترک کر دی ہے تاہم جواب میں محمود المغازی نے اس نمازی پر ملک کی کالعدم جماعت اخوان المسلمین کا ہمدرد ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی کبھی کبھار مسجد میں آتا تھا۔

اسی پروگرام میں موذن نے اپنی معطلی کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے کی بھی دھمکی دی اور ملک کے صدر عبدالفتح السیسی سے اپیل کی وہ اس معاملے میں اسے انصاف دلوائیں۔

موذن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس نے اپنی زندگی میں کبھی فیس بک استعمال نہیں کی۔

install suchtv android app on google app store