اسرائیلی فوج کا شہریوں کو رفح خالی کرنیکا حکم

اسرائیلی فوج کا شہریوں کو رفح خالی کرنیکا حکم فائل فوٹو اسرائیلی فوج کا شہریوں کو رفح خالی کرنیکا حکم

صیہونی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رفح پر حملے کرکے مزید 22 فلسطینیوں کو شہید کردیا جب کہ عام شہریوں کو رفح خالی کرنے کے بھی احکامات دیے گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے 5 سے زائد رہائشی گھروں کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیل کی جانب سے رفح پر یہ حملے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے جنگجوؤں کے حملے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو نے کے بعد کیے گئے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رفح میں پناہ لینے والے عام شہریوں کو فوری علاقہ چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس کے نتیجے میں مشرقی رفح سے شہریوں نے انخلا شروع کردیااہے۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ 15 لاکھ فلسطینی شہریوں نے رفح میں پناہ لے رکھی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ مشرقی رفح میں موجود لوگ خان یونس شہر اور المواسی ٹاون میں موجود اسرائیلی فوج کی جانب سے بنائے گئے عارضی کیمپس میں چلے جائیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم متوقع زمینی آپریشن سے پہلے مشرقی رفح سے ایک لاکھ لوگوں کو نکال رہے ہیں۔

یاد رہے کہ عالمی برداری پہلے ہی اسرائیل کو رفح میں زمینی آپریشن کی صورت میں تباہ کن نتائج سے خبردار کرچکی ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیل نے قطر کے نشریاتی ادارے کو بھی بند کردیا ہے جب کہ اسرائیلی حکام نے نشریاتی ادارے کی نشریات کو روکنے کے بعد اس کا سامان ضبط کرلیا اور ویب سائٹ بھی بلاک کردی۔

install suchtv android app on google app store