القسام بریگیڈ کا اہم کمانڈرز کی شہادت کا اعلان

حماس فائل فوٹو حماس

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کے خلاف جنگ میں ملٹری کونسل کے رکن و شمالی بریگیڈ کے کمانڈر احمد الغندور المعروف ابو انس سمیت 4 اہم کمانڈرز کی شہادت کا اعلان کردیا۔

مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل نے غزہ پر مسلسل 44 روز بمباری کی جس کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

القسام بریگیڈز نے اسرائیلی افواج کو شدید جانی و مالی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا اور ساتھ ساتھ قابض فوج پر حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کرتے رہے۔

غزہ میں جنگ بندی کا آج تیسرا روز ہے اور آج القسام بریگیڈز نے اسرائیلی جارحیت خلاف مزاحمت کے دوران 4 اہم کمانڈرز کی شہادت کا اعلان کیا ہے۔

القسام بریگیڈز کے مطابق ملٹری کونسل کے رکن و شمالی بریگیڈ کے کمانڈر احمد الغندور المعروف ابو انس، بيت لاھیا بٹالین کے کمانڈر وائل رجب المعروف ابو صہیب، شمالی بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر رفعت سلمان المعروف ابو عبداللہ اور کمانڈر ایمن صیام شہید ہوگئے۔

القسام بریگیڈز نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن میں یہ کمانڈرز بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔ حماس کے عسکری ونگ نے شہادتوں کی تاریخ اور مقامات کا اعلان نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کا سلسلہ جاری

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں القسام بریگیڈز کے ملٹری کونسل کے رکن اور سینٹرل بریگیڈ کے کمانڈر ایمن نوفل بھی شہید ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store