ملک کے مختلف شہروں میں بارش، پہاڑوں پر برف باری

ملک کے مختلف شہروں میں بارش، پہاڑوں پر برف باری فائل فوٹو

رُکتی برستی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا، پہاڑوں پر برف پڑنے لگی، ملکہ کوہسار کا ہار سنگھار دیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد اور پشاور میں بارش کے ساتھ ساتھ بادلوں کوچھوکرآنے والی ٹھنڈی ہوائیں سردی کی شدت بڑھا رہی ہیں۔

بھیگے سہانے موسم میں ملکہ کوہسار کا ہار سنگھار بھی دیکھنے لائق ہے، سفید موتیوں سےڈھکے نظاروں کو دیکھنے کیلئے سیاح دور دور سے کھنچے چلے آتے ہیں ،اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی کہیں بارش تو کہیں برف باری سے سردی کی شدت بڑھ چکی ہے،،بالاکوٹ، کاکول، چراٹ، چترال اور مالم جبہ میں بادل خوب برس رہے ہیں، لواری ٹاپ میں بھی برف کے باعث راستے بند ہونے لگے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابر رحمت کا سلسلہ جاری رہے گا،، کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش کی بوندیں زمین کو بھگوتی رہیں گی،،برف کے گالے پہاڑوں کا زیور بن کر موتیوں کی صورت برستے رہیں گے۔

install suchtv android app on google app store