نئی امریکی انتظامیہ کو ماحولیاتی تبدیلی پر توجہ دینا ہوگی: کیری

جان کیری نے انٹارکٹیکا کا دورہ کیا جان کیری نے انٹارکٹیکا کا دورہ کیا

انٹارکٹیکا کا تاریخی دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے اتوار کو کہا کہ امریکیوں کی اکثریت کو اس بات کا ادراک ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی "درحقیقت وقوع پذیر ہو رہی ہے" اور اس معاملے پر توجہ دی جانی چاہیے۔

نیوزی لینڈ کے شہر ولنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ 20 جنوری کو صدر براک اوباما کے عہدہ صدارت کی مدت ختم ہونے تک پیرس کے تاریخی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

جان کیری ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدام کرنے کی ہمیشہ سے وکالت کرتے آئے ہیں۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خیال میں ماحولیاتی تبدیلی ایک چکمہ ہے اور اپنی انتخابی مہم کے دوران وہ اس عزم کا اظہار کرتے دکھائی دیے کہ وہ گزشتہ سال کے پیرس معاہدے میں امریکہ کی شراکت داری کو "منسوخ" کر دیں گے۔

ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پیرس میں ہونے والے معاہدے پر لگ بھگ 200 ملکوں نے اتفاق کیا تھا جس کے تحت مضر گیسوں کے اخراج میں قابل ذکر حد تک کمی کے لیے اقدام کیے جانے ہیں۔ رواں ماہ ہی اس معاہدے کا باضابطہ نفاذ عمل میں آیا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی "اے ایف پی" کے مطابق کیری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ "ہم انتظار کریں گے کہ آئندہ (امریکی) انتظامیہ کس طرح اس معاملے کو دیکھتی ہے، لیکن میرا خیال ہے کہ ہم درست سمت میں ہیں اور یہی وہ راستہ ہے جس کے لیے امریکی عوام بھی پرعزم ہیں۔"

انھوں نے مزید کہا کہ "سب ہی یہ جانتے ہیں کہ انتخابی مہم اور طرز حکمرانی میں فرق ہوتا ہے اور میرا خیال ہے کہ نئی انتظامیہ کو اس معاملے پر اپنی وضاحت پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔"

کیری جمعہ کو ہی نیوزی لینڈ سے انٹارکٹیکا کے لیے روانہ ہوئے تھے اور اتوار کو ان کی واپسی ہوئی۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب آئندہ ہفتے مراکش میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ایک اہم اجلاس بھی ہونے جا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store