مصباح کی ریٹائرمنٹ: ’بہترین انداز میں رخصت کیا جائے'

مصباح الحق کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ مصباح الحق کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو بہترین لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق جب ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کریں، انہیں بہترین خراج دیتے ہوئے رخصت کرنا چاہیئے۔

مصباح کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ چند دن قبل انہوں نے مصباح سے ملاقات کی تھی اور آئندہ ایک دو دن میں وہ ریٹائرمنٹ کے معاملے پر پھر ٹیسٹ کپتان سے تبادلہ خیال کریں گے۔

ہیڈ کوچ کے مطابق مصباح کے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ارادوں سے تو آگاہ نہیں تاہم میں دوبارہ ملاقات میں ان کا ارادہ جاننے کی کوشش ضرور کروں گا۔

مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ مصباح الحق نے ٹیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ پاکستان کی کرکٹ کے لیجنڈ ہیں۔

ہیڈ کوچ نے خیال ظاہر کرتے ہوئے بتایا مصباح کی کارکردگی کو سراہا جانا چاہیئے جبکہ اس کارکردگی کا احترام کرتے ہوئے شاندار انداز میں الوداع کہنا چاہیئے، چاہے ابھی یا جب بھی وہ خود اس کا فیصلہ کریں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چند حلقوں کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کیریئر کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل دورہ ویسٹ انڈیز سے پہلے اپنی فٹنس کا جائزہ لیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ عمر سے فرق نہیں پڑتا، اصل چیز فٹنس ہے جو آپ کو اپنا کھیل جاری رکھنے میں مدد کرتی ہے جبکہ میں پہلے پاکستان سپر لیگ میں اور پھر دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل فیصل آباد میں ڈومیسٹک میچوں کے دوران اپنی فٹنس کا جائزہ لوں گا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ اور ون ڈے سیریز میں بد ترین شکستوں کے بعد پاکستان کی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے قائدین کو میڈیا اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی کارکردگی کے بتدریج زوال اور درپیش مسائل کے حل کیلئے 6 اور 7 مارچ کو ایک گول میز کانفرنس طلب کی ہے، جس میں سابق اور موجودہ بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ماہرین کرکٹ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمران خان، ظہیر عباس، جاوید میانداد، وسیم باری اور وسیم اکرم سمیت دیگر بڑے کھلاڑیوں کو کانفرنس میں طلب کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store