پاکستان سپر لیگ: شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

شرجیل خان شرجیل خان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے ایونٹ سے باہر کردیا۔ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کے لیے عبوری طور پر معطل کر دیا ہے۔

بیان کے مطابق پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا، جبکہ تحقیقات میں انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی بورڈ کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدام کے حوالے سے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’کیس کے حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں، تاہم یہ تحقیقات کرکٹ کے کھیل کو کرپشن سے پاک رکھنے کے ہمارے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہم کھلاڑیوں کی کسی کرپٹ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے اور تحقیقات کے آگے بڑھنے پر مزید فیصلہ کن کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے'۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ’اس کیس کے حوالے سے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) کی آئی سی سی کے اے سی یو کے تعاون سے اب تک کی تحقیقات متاثر کن رہی ہے جسے مزید آگے بڑھایا جائے گا جبکہ کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔‘

install suchtv android app on google app store