ٹی ٹوئنٹی سیریز، سپر اوور میں انگلینڈ کا وائٹ واش

ٹی ٹوئنٹی سیریز، سپر اوور میں انگلینڈ کا وائٹ واش AFP File Photo

انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سپر اوور میں ایک گیند قبل چار رنز بناکر سیریز میں وائٹ واش کرکے رینکنگ میں پاکستان سے چوتھی پوزیشن بھی چھین لی.

پاکستان کی جانب سے تین رنز کے ہدف کو بچانے کے لیے کپتان شاہد آفریدی خود باؤلنگ کرنے آئے اور آخری گیند میں رن آؤٹ کا موقع ضائع کردیا اور انگلینڈ ٹیم نے میچ جیت کر سیریز میں وائٹ واش کا خواب سچا ثابت کردیا.

انگلینڈ کی جانب سے کپتان آئن مورگن اور جوزبٹلر نے سپر اوور میں بیٹنگ کی.

جبکہ شاہد آفریدی اور عمر اکمل سپر اوور میں انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرس جارڈن کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف تین رنز بناسکے جبکہ عمر اکمل آخری گیند میں بولڈ ہوگئے.

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کاآخری ٹی ٹوئنٹی میچ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا جب 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سہیل تنویر نے آخری گیند میں ایک رن لے کر اسکور کو 154 تک پہنچا کر میچ کو برابر کردیا.

اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے ابتدائی بلے باز جلدی آؤٹ ہوئے جب احمد شہزاد 4، رفعت اللہ مہمند صفر اور محمد حفیظ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کااسکور 11 رنز تھا.

محمد رضوان نے پاکستان کے اسکور کو 50 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا انھوں نے 24 رنز بنا ئے تھے کہ عادل راشد نے اپنی ہی گیند پر شاندار کیچ کے ذریعے آؤٹ کردیا.

عمر اکمل چار رنز بنا کر معین علی کی وکٹ بن گئے.

تاہم شعیب ملک اور کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ موڈ اپناتے 63 رنز کی شراکت میں ٹیم کو بہتر پوزیشن میں لاکھڑا کیا، شعیب ملک نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کردی لیکن شاہد آفریدی 29 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی کی گیند پر آؤٹ ہوگئی.

شعیب ملک ایک گیند قبل 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کو جیت کے لیے صرف دو رنز چاہیے تھے.

آخری گیند میں سہیل تنویر نے ایک رن لے کر میچ کو سنسنی خیز بنادیا اور میچ سپر اوور میں نتیجہ خیز ثابت ہوگیا.

اور انگلینڈ تین میچوں کی سیریز میں تین صفر سے کامیاب ہوا.

پاکستانی ٹیم سیریز میں شکست کے بعد ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں چوتھے سے چھٹے نمبر پر آگئی جبکہ انگلینڈ ٹیم نے پاکستان کی جگہ چوتھی پوزیشن حاصل کی.

اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سیریز کی پہلی جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دے دیا.

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم کو اننگ کی پہلی ہی گیند پر اس وقت دھچکا لگا جب اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے عامر یامین نے جیسن روئے کو ایل بی ڈبلیو کر دیا.

وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو پر پہلی ہی گیند پر وکٹ لینے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے گیارہویں کھلاڑی ہیں.

پہلی ہی گیند پر وکٹ گرنے کے باوجود انگلینڈ نے میچ میں شاندار واپسی کی اور جیمز ونس اور جو روٹ نے اس کے بعد شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا مجموعہ پانچ اوورز میں 46 رنز تک پہنچا دیا.

تاہم گزشتہ میچ میں بہترین باؤلنگ کرنے والے شاہد آفریدی نے باؤلنگ پر آتے ہی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں لے کر انگلش بیٹنگ کو گہری گزند پہنچائی.

انھوں نے پہلے جو روٹ اور پھر معین علی کو اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی.

شعیب ملک کی بہترین باؤلنگ کے باعث آئن مورگن اپنی وکٹ نہیں بچا سکے انھوں نے 15 رنز بنائے. پانچویں وکٹ جوز بٹلر کی صورت میں گری جب محمد رضوان نے انھیں رن آؤٹ کیا.

انور علی نے سیم بلنگز کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلادی، وہ 7 رنز بناسکے. کرس ووکس اور جیمز وینس نے ساتویں وکٹ میں 60 رنزبنا کر انگلینڈ کی ٹیم کو اچھی پوزیشن پر کھڑا کردیا، 146 رنز پر ووکس 37 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے.

سہیل تنویر کی پانچویں گیند پر عمر اکمل نے 46 رنز بنانے والے وینس کا شاندار کیچ کیا.

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے.

پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور سہیل تنویر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.

اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سیریز میں لگاتار تیسرا ٹاس ہار کر سیریز میں ٹاس ہارنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

یاد رہے 2012 میں بھی انگلینڈ کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچوں میں ٹاس جیتا تھا.

انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد آئن مورگن کی قیادت میں پہلے ون ڈے اور پھر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

انگلینڈ نے دبئی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 14 رنز جبکہ دوسرے میچ میں صرف 3 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کی تھی۔

install suchtv android app on google app store