ایشین گیمز؛ ثانیہ مرزانے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا

ایشین گیمز؛ ثانیہ مرزانے سونے کا  تمغہ اپنے نام کر لیا فائل فوٹو

ایشین گیمز کے مکسڈ ڈبلز ٹینس ایونٹ میں سونے کا تمغہ ثانیہ مرزا کے گلے کی زینت بن گیا، آل چین بیڈمنٹن مینز سنگلز فائنل میں اولمپک چیمپئن لین ڈان نے عالمی ٹائٹل ہولڈر چین لیونگ کو پچھاڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کے مکسڈ ڈبلز ٹینس ایونٹ میں بھارتی اسٹار ثانیہ مرزا اور ساکیتھ مینینی نے تائیوان کی پینگ ہسین ین اور چین ہاؤ چن کو 6-4 اور 6-3 سے مات دے دی.

انھوں نے اس سے قبل ویمنز ڈبلز میں برانز میڈل بھی جیتا تھا ۔ قطر کے ممتاز عیسیٰ باشم کی ہائی جمپنگ میں ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ کیوبا کے جاویر نے 2.45 میٹر جمپ لگائی تھی، ڈائمنڈ لیگ میں 2.43 میٹر کی جمپ لگانے والے ممتاز اس بار 2مرتبہ 2.40 میٹر جمپ میں ناکام رہے تو مزید کوشش ترک کردی کیونکہ سونے کا تمغہ پہلے ہی وہ جیت چکے تھے۔ بیڈمنٹن سنگلز فائنل میں دونوں جانب چینی پلیئرتھے۔

لین ڈین کے پاس اولمپک ٹائٹل جبکہ چین لونگ ورلڈ چیمپئن ہیں، دونوں کے درمیان خوب مقابلہ ہوا مگر فتح لین ڈین کا مقدر بنی۔ ویمنز سنکرونائزڈ 3 میٹر اسپرنگ بورڈ ڈائیونگ مقابلے میں چین کی ملٹی اولمپک چیمپئن وو منزییا نے اپنی پارٹنر شی ٹنگماؤ کے ہمراہ کامیابی حاصل کی۔

چین ڈائیونگ میں دستیاب تمام 10 گولڈ میڈلز اپنے قبضے میں لینے کا خواہاں ہے۔ اردن کے عبیدا نے اپنے سے 10 برس سینئر جنوبی کوریا کے تجربہ کار باکسر ہین سون چل کو 60 کے جی کوارٹر فائنل میں زیر کرکے خود کو کم سے کم برانز میڈل کا حقدار ثابت کردیا۔

ویمنز لنگ جمپنگ میں ماریا لواندے نے کامیابی حاصل کی، یہ ایشین گیمز ایتھلیٹکس میں انڈونیشیا کا 1998 کے بعد پہلا طلائی تمغہ ہے۔ مینز 1500 میٹر دوڑ میں قطر کے محمد الغارنی آگے رہے، 3 ہزار اسٹیپل چیس مینز میں بھی قطر کے ابوبکر علی کمال فاتح بنے۔

install suchtv android app on google app store