پاکستان کو جیت کیلئے311 رنز کا ہدف

سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میں جیت کے لیے پاکستان کو 311 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان میں 310 رنز اسکور کیے۔

سری لنکن اننگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 62 کے اسکور پر تین کھلاڑی تلکا رتنے، کمار سنگاکارا اور تھرنگا پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

اس مرحلے پر مہیلا جے وردنے اور کپتان انجیلو میتھیوز کے درمیان 122 رنز کی زبردست شراکت قائم ہوئی جس کا اختتام 184 کے اسکور پر محمد حفیظ نے جے وردنے کو آﺅٹ کرکے کیا، جو 67 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کپتان انجیلو میتھیوز 93 رنز پر پویلین لوٹے مگر اس کے بعد تھیسارا پریرا نے 36 گیندوں پر 65 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جو پانچ چوکوں اور چار بلند و بالا چھکوں پر مزئین تھی، اسی طرح سری لنکن ٹیم پچاس اوورز میں 310 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے چار اور محمد حفیظ نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

پاکستان نے میچ کے لیے اپنی لائن اپ میں ایک تبدیلی کی اور یونس خان کی جگہ اوپنر شرجیل خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم میں بھی دنیش چندی مل کی جگہ لیگ اسپنر پرسنا کو شامل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

install suchtv android app on google app store