چیف سلیکٹر نے سرفراز کے قومی ٹیم میں مستقبل کے حوالے سے بتا دیا

وہاب ریاض، سرفراز احمد فائل فوٹو وہاب ریاض، سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کے قومی ٹیم میں مستقبل کے حوالے سے بتا دیا ہے۔

ایک مقامی نجی ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیمپئنز ٹرافی کے فاتح سرفراز احمد کے پاکستان ٹیم میں مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ سرفراز احمد جب تک رنز کر رہے ہیں اور پرفارمنس دے رہے ہیں وہ کھیلیں گے۔

اسی پروگرام میں فاسٹ بولرز کی انجری اور بیک اپ سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ جب نئے بال کا بولر ان فٹ ہوتا ہے تو اس کا متبادل نئی گیند کرانے والا بولر ہی چاہیے ہوتا ہے۔ نئی بال سے اوور کرانے والے بولرز مشکل سے ملتے ہیں، اسی لیے جب میں نے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تو کہا تھا کہ ہمیں ہر ٹیم کے لیے نئی بال سے گیند کرنے والے تین اور پرانی گیند کرانے والے دو بالرز تیار کرنے ہیں۔

بولرز کی فارم اور فٹنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا میں لیگ کرکٹ اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ کرکٹرز کی باڈی اور فٹنس لیول وہ نہیں ہوتا جو انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے درکار ہوتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کسی نے کہا تھا کہ سابقہ منیجمنٹ کی ہدایت تھی کہ فٹنس پر کبھی نہ پوچھنا۔ اب یہ بات کہاں تک درست ہے اس کا مجھے علم نہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے کہا کہ جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے تو بے شک ان کی رفتار تیز تھی لیکن اس وقت کسی نے مجھ پر یقین نہیں کیا کہ میں نئی بال کرا سکتا ہوں۔ اس کے لیے اعتماد دینا ضروری ہوتا ہے لیکن ہمارے ساتھ تو یہ ہوتا تھا کہ بدقسمتی سے اگر دو میچوں میں پرفارم نہ کر سکے تو ٹیم سے باہر کر دیا جاتا تھا۔

install suchtv android app on google app store