کیا عامر قومی ٹیم میں واپس آ رہا ہے؟ انضمام الحق نے وضاحت کردی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر انضمام الحق  اور فاسٹ بولر محمد عامر فائل فوٹو پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر انضمام الحق اور فاسٹ بولر محمد عامر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر انضمام الحق نے قومی ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔

آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد انضمام الحق نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب بھی دیے۔

قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان اور اسپنر محمد نواز کی خراب پرفارمنس سے متعلق سوال پر انضمام الحق کا کہنا تھا ہمیں مڈل اوورز میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ شاداب اور نواز جس پائے کے کھلاڑی ہیں انہوں نے حالیہ دنوں میں اس طرح سے پرفارم نہیں کیا جس کی ان سے توقع رکھی جاتی ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا دونوں کھلاڑی پاکستان کے لیے کافی عرصے سے کھیلتے چلے آ رہے ہیں، دونوں نے ماضی میں پرفارم بھی کیا ہے اور ہمیں دونوں سے امید ہے کہ دونوں ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کریں گے ورنہ ہمارے پاس اسامہ میر کا آپشن بھی موجود ہے۔

محمد عامر سے متعقل سوال پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا سب کو پتہ ہے کہ عامر بہت اچھا کرکٹر رہا ہے، اس نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، اگر وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے تو تمام کھلاڑیوں کے لیے پی سی بی کے دروازے کھلے ہیں، آپ فرسٹ کلاس کھیلیں اور پرفارم کریں، آپ کے بارے میں ضرور سوچا جائے گا۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کبھی بھی کسی کے لیے دروازے بند نہیں کرتا، یہ ہر کھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے کہ اس نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے یا نہیں۔

ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہی ہوں گے جبکہ شاداب خان کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، شاہین آفریدی، فخر زمان، وسیم جونیئر، افتخار احمد، عبد اللہ شفیق، سلمان علی آغا، سعود شکیل، حارث رؤف اور اسامہ میر شامل ہیں۔

محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو ورلڈکپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store