بھارت سے شکست کے بعد ذکا اشرف کا قومی کرکٹرز کو اہم پیغام

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف  کی سری لنکا میں کپتان بابر اعظم سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں سے ملاقات فائل فوٹو پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی سری لنکا میں کپتان بابر اعظم سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں سے ملاقات

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے سری لنکا میں کپتان بابر اعظم سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

چیئرمین ذکا اشرف نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اس لیے حوصلہ نہیں ہارنا۔

انہوں نے کہا کہ غلطیوں سے سبق سیکھیں اور اگلے میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں، جو ہونا تھا ہو گیا اب اگلے میچز پر فوکس کریں۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ مجھے آپ سب کھلاڑیوں پر اعتماد ہے، آپ ایشیا کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آپ مسلسل جیتتے آ رہے ہیں اور آئندہ بھی جیتیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں نے سپورٹ کرنے پر چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا۔

بابر اعظم نے کہا کہ اگلے میچز جیتنے کے لیے سرتوڑ کوشش کریں گے، فائٹ دکھائی دے گی، سو فیصد کھیل پیش کریں گے، ایشیا کپ پر فوکس ہے اور ہم ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دی تھی جب کہ اسی ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہوسکا تھا۔

install suchtv android app on google app store