جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی

جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم فائل فوٹو جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم

جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم اپنے پہلے دورہ پاکستان کے لیے کراچی پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق 23 رکنی افریقی اسکواڈ دبئی کے راستے پرواز EK600 سے کراچی پہنچا، جس پر ان کا جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے بھی پیش کیے گئے۔

کراچی پہنچنے والے افریقی اسکواڈ میں کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ شامل ہے،کپتان لورا وولوارڈٹ، ماریزان کیپ اور نادین ڈی کلرک 29 اگست کو کراچی پہنچیں گی، ٹیم فزیو تھراپسٹ مولبتسی فیلانے بھی 29 اگست کو پہنچیں گے۔

جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کااستقبال ویمنز ونگ کی سربراہ تانیہ ملک اور جنرل مینیجرعائشہ اشعر نےکیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی ویمن کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے لیے صدر مملکت کا پروٹوکول دیا جارہا ہے، کراچی ائیرپورٹ ٹرمینل ون سے ٹیم کی قیام گاہ تک سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایس ایس یو کمانڈوز، رینجرز، پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے،ٹیم کو سخت ترین حفاظتی حصار میں مقامی ہوٹل پہنچایا گیا۔

جنوبی افریقا اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

1، 3 اور 5 ستمبر کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم مہمان ٹیم کے ساتھ 8، 11 اور 14 ستمبر کو ون ڈے کرکٹ میچ کھیلے گی، ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

20 روزہ دورہ مکمل کرکے افریقی خواتین کرکٹرز 15 ستمبر کو وطن واپس روانہ ہوں گی۔

install suchtv android app on google app store