پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کہاں ہونے جا رہی ہے؟

پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کہاں ہونے جا رہی ہے؟ فائل فوٹو پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کہاں ہونے جا رہی ہے؟

آسٹریلیا کا میلبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کی ممکنہ میزبانی پر غور کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میلبورن کرکٹ کلب کھیل کے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کی ممکنہ میزبانی کے لیے غور کر رہا ہے۔

خیال رہے دو طرفہ کرکٹ معطل ہونے سے 2007 کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ طویل فارمٹ کرکٹ نہیں کھیلی۔

2013 میں بھارت کی طرف سے پاکستان کی دو طرفہ محدود اوورز کی سیریز کی میزبانی کے بعد سے دونوں نے صرف 20 اور 50 اوورز کے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں ایک دوسرے کے خلاف میدان سجایا تھا۔

آخری بار دونوں ٹیمیں رواں برس اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئیں تھیں جہاں تقریباً 9 ہزار سے زائد کرکٹ شائقین حریف ٹیموں کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شریک ہوئے۔ تاہم وہ میچ بھارتی ٹیم نے جیتا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایم سی سی کے چیف ایگزیکیٹو اسٹورٹ فاکس نے کہا کہ حالیہ میچ کے دوران ظاہر ہوا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کے لیے میدان سجانے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس میچ کے لیے جو ماحول تھا میں نے کبھی بھی اس طرح کا ماحول نہیں محسوس نہیں کیا۔

اسٹورٹ فاکس نے کہا کہ ہر گیند کے بعد جو شور تھا وہ ناقابل یقین تھا، لہٰذا میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں تین ٹیسٹ میچ بہت اچھے ہوں گے اور میدان ہر بار بھرا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ بات کرکٹ آسٹریلیا کے سامنے رکھی ہے اور میں جانتا ہوں کہ حکومت بھی چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسا میں سمجھتا ہوں مصروف شیڈول کے درمیان یہ بہت زیادہ پیچیدہ ہے تو مجھے لگتا ہے کہ شاید یہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔

اسٹورٹ فاکس نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر اس پیشکش کے لیے زور دیتی رہے گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ دنیا بھر کے کچھ کرکٹ میدانوں کو خالی دیکھتے ہیں تو میرے خیال میں یہ زیادہ بہتر ہو گا کہ ایک گراؤنڈ مکمل بھرا ہو اور ماحول ہو تاکہ بھرے ہوئے اسٹیڈیمز کے ساتھ کھیل کا جشن منایا جائے۔

install suchtv android app on google app store