پاکستان میں 6 سال بعد اسکواش کے بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے دروازے کھل گئے

اسکواش کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی تنظیم پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نےغیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آنے پر عائد پابندی ختم کردی ہے جس کے بعد ملک میں 6 سال بعد بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے دروازے ایک مرتبہ پھر کھل گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینیر نائب صدر ایئروائس مارشل سید رضی نواب نے رواں برس لندن میں پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے حکام سے ملاقات کی تھی، 3 ماہ سے جاری تگ و دو کے بعد بین الاقوامی تنظیم نے غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آّنے پر پابندی اٹھالی لی ہے۔

اس سلسلے میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کو تحریری طور پر بھی آّگاہ کردیا گیا ہے، پابندی کے خاتمے کے بعد پاکستان میں جلد ہی بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس کی مالیت 25 ہزار امریکی ڈالرز ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینیر نائب صدر ایئروائس مارشل سید رضی نواب کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر پی ایس اے نے غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے سے روک رکھا تھا جس کی وجہ سے پاکستان میں بڑے بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ پروفیشنل اسکواش فیڈریشن کا یہ فیصلہ پاکستانی قوم کے لئے ایک خوشخبری ہے۔

واضح رہے کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے 2008 میں پاکستان میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باعث غیر ملکی کھلاڑیوں کی یہاں آنے پر پابندی عائد کی تھی۔

ویب ڈیسک

install suchtv android app on google app store