لیاری میں پولیس مقابلہ: مطلوب ترین گینگ وار ملزم غفار ذکری ساتھی سمیت ہلاک

مطلوب ترین گینگ وار ملزم غفار ذکری ساتھی سمیت ہلاک فائل فوٹو مطلوب ترین گینگ وار ملزم غفار ذکری ساتھی سمیت ہلاک

کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا مطلوب ترین ملزم غفار ذکری، اپنے 3 سالہ بیٹے اور ساتھی چھوٹا زاہد سمیت مارا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپیکٹر اور ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم کے مطابق لیاری کے علاقے علی محمد محلہ میں حساس اداروں کی نشاندہی پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کیا، اس دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور دستی بم سے حملے بھی کیے۔

تاہم ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کا مطلوب ترین ملزم غفار ذکری اور اس کا قریبی ساتھی چھوٹا زاہد مارا گیا، جبکہ پولیس نے ملزم کے دو مبینہ ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

جاوید عالم کے مطابق مقابلے کے دوران ایک 3 سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا، جو غفار ذکری کا بیٹا تھا اور جسے اُس نے ڈھال بنا رکھا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک سب انسپیکٹر سمیت 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق زخمی سب انسپکٹر کی حالت تشویش ناک بتائی گئی، جنہیں پیٹ میں گولی لگی ہے جکہ ایک کانسٹیبل کو ٹانگ میں گولی لگی، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا، جس میں سب مشین گنز (ایس ایم جی)، دستی بم، آوان بم، درجنوں گولیاں اور کئی میگزینز شامل ہیں۔

غفار ذکری کے خلاف آپریشن میں 15 سے زائد پولیس موبائلوں نے حصہ لیا۔

واقعے کے بعد لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

غفار ذکری اور اس کا ساتھی چھوٹا زاہد لیاری گینگ وار کے مطلوب ترین ملزمان تھے۔

غفار ذکری کے خلاف قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کی کئی وارداتوں کے سلسلے میں لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ماڑی پور اور بلدیہ کے مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

لیاری گینگ وار کی تاریخ میں رحمان ڈکیت، عزیر بلوچ، ارشد پپو اور بابا لاڈلا کے بعد غفار ذکری اہم کردار تھا، جو کراچی آپریشن کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔

غفار ذکری کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر تھی۔

install suchtv android app on google app store