میگا کرپشن کیس؛ شرجیل میمن کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

احتساب عدالت نے اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمے میں گرفتار سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور دیگر ملزمان کو 4 نومبر تک ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب ) کی جانب سے سابق صوبائی وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن اور دیگر 11 ملزمان کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس موقع پر عدالت میں اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ شرجیل میمن سمیت 11 ملزمان کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا ریفرنس دائر ہے۔

مزید پڑھیں:  سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کو گرفتار کرلیا

نیب حکام نے عدالت سے شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کا جسمانی ریمانڈ مانگا تاہم عدالتی نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پیشی سے قبل نیب کے مرکز میں ڈاکٹرز نے شرجیل میمن اور ان کے دیگر ساتھیوں کا 3 بار معائنہ کیا اور تمام ملزمان کو مکمل فٹ قراردیا۔

واضح رہے کہ شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کو گزشتہ روز عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر سندھ ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store