عمرکوٹ: خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی، 10 بچے جاں بحق، درجنوں بیمار

شہر سے بیس کلو میٹر کے فاصلے پر موجود سپیروں کی بستی میں سانپوں کی جگہ سانپ سے بھی خطرناک مرض خسرہ نے لے لی ہے۔ گزشتہ پندرہ روز کے دوران ایک ہی بستی میں خسرہ کے باعث دس بچے ہلاک جبکہ درجنوں اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

بستی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کی بستی میں کبھی بھی محکمہ صحت کی ٹیم خسرہ سمیت کسی بھی مرض سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے نہیں آئی جبکہ ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ بستی کے مکین خانہ بدوش ہیں جو اکثر گھروں سے باہر رہتے ہیں، اس لئے ان کے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے نہیں لگ سکے!

بے حسی کی انتہاء یہ ہے کہ سول ہسپتال میں فوت ہونے والے بچوں کو گھر لے جانے کے لئے ایمبولینس بھی فراہم نہیں کی گئی۔ فوت ہونے والے بچوں کو ورثاء رکشوں میں گھر لے گئے۔

معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد محکمہ صحت عمرکوٹ نے گاؤں میں عارضی کیمپ قائم کر دیا ہے۔ خسرہ پر قابو پانے کے لئے حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطح اقدام نہ اٹھائے گئے تو علاقے میں مزید نقصان کا خدشہ ہے۔

install suchtv android app on google app store