سہیل انور سیال دوبارہ وزیر داخلہ سندھ مقرر

سہیل انور سیال فائل فوٹو سہیل انور سیال

سندھ کابینہ میں شامل وزرا کے محکموں میں تبدیلی کردی گئی۔ سہیل انور سیال کو دوبارہ محکمہ داخلہ، ناصر شاہ کو اطلاعات اور ڈاکٹر سکندر میندھرو کو عشر و زکوٰة کے اضافی قلمدان سونپ دئیے گئے۔

محکمہ سروسز سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزیر زراعت سہیل انور سیال کو ایک بار پھر محکمہ داخلہ، مائنز و منرل اور پرائس کنٹرول کے اضافی قلمدان سونپ دئیے گئے۔

یاد رہے کہ سہیل انور سیال کو اسد کھرل کی گرفتاری کے موقع پر سندھ رینجرز سے تنازعہ پیدا ہونے کے بعد وزارت سے ہٹا دیا گیا تھا جس پر سندھ حکومت اور سندھ رینجرز کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔

دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ کے صوبائی وزیر سید ناصر شاہ کو محکمہ اطلاعات کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے مشیر قانون اور مشیر اطلاعات کو کام کرنے سے روکنے کے اقدام کے بعد کیا گیا ہے جس کے بعد مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے۔

عشر و زکوٰة اور مذہبی امور ناصر شاہ سے واپس لے کر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو کے حوالے کردئیے گئے ہیں۔

نئے نوٹیفکیشن کے مطابق سہیل انور سیال کے پاس 3، ناصر شاہ 3 اور ڈاکٹر سکندر میندھرو کے پاس 2 محکموں کی ذمہ داری ہے۔

 

install suchtv android app on google app store