میئر کراچی کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، دہشت گرد حملہ ہوسکتا ہے، وسیم اختر کو سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت کردی گئی، محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور حساس اداروں کو خط لکھ دیا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور حساس اداروں کو خط لکھا ہے جس میں میئر کراچی کی جان کو شدید خطرات سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وسیم اختر پر دہشت گرد حملے کا خدشہ ہے، بانی ایم کیو ایم کی ہدایت پر ساؤتھ افریقا گروپ حملہ کرسکتا ہے، شدید سیکیورٹی خدشات ہیں، میئر کراچی کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ خدشات کے پیش نظر میئر کراچی وسیم اختر اپنی سرگرمیاں محدود کردیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے بانی کی جانب سے نامزد وسیم اختر میئر کراچی منتخب ہوئے تاہم 22 اگست 2016ء کو پاکستان مخالف اور شر انگیز تقریر کے بعد پاکستان میں موجود متحدہ رہنماؤں نے لندن قیادت سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا۔
مئیر کراچی وسیم اختر کہتے ہیں عوام کا کام کررہا ہوں، ذاتی نہیں، شہر کو بہتر بنانے کا کام جاری رہے گا، کوئی مارنے والا آگیا ہے تو اسے پکڑنا اور میری جان کی حفاظت کرنا سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
میئر کراچی اور متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رہنماء وسیم اختر پر لندن والوں کی جانب سے دہشت گرد حملے کا خدشہ ظاہر کردیا، شہر قائد کے کپتان کہتے ہیں کہ عوام کی خدمت کررہا ہوں، کام رکے گا نہیں، میری حفاظت سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔