امجد صابری قتل کیس، بیوہ کا بیان اہمیت اختیار کر گیا

امجد صابری امجد صابری

امجد صابری قتل کیس کی تحقیقات کرنیوالے تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا گیا، تحقیقاتی ٹیموں نے امجد صابری کی اہلیہ کے بیان کو اہم قرار دیا ہے جس سے پتہ چلے گا کہ دھمکیاں مل رہی تھیں یا نہیں ،قاتلوں کے سراغ کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی تحقیقات ملنے والے شواہد اور مختلف زاویوں سے کی جا رہی ہے۔ وہ ملزمان کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں، امید ہے جلد وہ قانون کی گرفت میں ہونگے۔

تفتیشی حکام نے امجد صابری کی اہلیہ کے بیان کو اہم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امجد صابری کی اہلیہ ہی بتا سکتی ہیں کہ دھمکیاں ملی رہی تھیں یا نہیں۔

امجد صابری کی اہلیہ ابھی بیان دینے کے قابل نہیں۔ ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد ان کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ دوران تفتیش امجد صابری قتل کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کر دیا گیا، کیس کی تفتیش خورشید احمد سے لے کر محسن زیدی کو دے دی گئی۔

دوسری طرف قانون نافذ کرانیوالے اداروں کی شہرکے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ۔ نیو کراچی میں چھاپے کے دوران چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ کارروائی جیو فینسنگ کے بعد کی گئی ، چاروں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

install suchtv android app on google app store