سانحہ صفورہ: اہم ملزم علی رحمان عرف ٹونا گرفتار

سانحہ صفورہ: اہم ملزم علی رحمان عرف ٹونا گرفتار فائل فوٹو

کراچی کے علاقے پیپری میں حساس اداروں کی کارروائی ، پکڑے جانے والے ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

سانحہ صفورہ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کرلی گئی ، حساس اداروں نے پیپری میں کارروائی کرکے علی رحمان عرف ٹونا عرف ٹونی کو گرفتار کرلیا، حساس اداروں نے سانحہ صفورہ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے پیپری میں ٹارگیٹڈ کارروائی کے دوران اہم ملزم علی رحمان عرف ٹونا عرف ٹونی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔گرفتار دہشتگرد کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے ۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگرد طاہر سائیں ، کامران گجر اور سعد عزیز کا قریبی ساتھی ہے ۔ علی رحمان عرف ٹونا انتہائی مہارت سے اسلحہ چلانا بھی جانتا ہے جبکہ گرفتار دہشتگرد کا تعلیمی ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے ۔

علی رحمان صفورا گوٹھ اسپارکو کا رہائشی تھا اور حملے میں ملوث ایک اور ملزم عمر جواد نے طاہر سائیں کی ملاقات علی رحمان سے کروائی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علی رحمان سعد عزیز عرف ٹن ٹن سے انگلش میں جہاد سے متعلق لٹریچر لکھواتا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم امریکی ڈاکٹر ڈیبرالوگو اور سبین محمود کے قتل میں بھی ملوث ہے، اس کے علاوہ ملزم نے 2014 میں تیموریہ تھانے کی موبائل پر حملہ کیا اور پاور ہاؤس چورنگی پر پولیس اہلکار کو قتل کیا تھا۔

واضح رہے کہ 14 مئی 2015 کو صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری کی بس پر حملے میں 43 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جب کہ اس کیس میں ملوث مبینہ مالی معاونین سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن سے تحقیقات جاری ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store