شہباز شریف نے شیخوپورہ میں بھکھی پاور پلانٹ کے آخری یونٹ کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیِ پنجاب شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعلیِ پنجاب شہباز شریف

شہباز شریف کا شیخوپورہ میں بھکھی پاور پلانٹ کے آخری یونٹ کا افتتاح، کپتان نے خیبرپختونخوا میں منفی 6 میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکھی پاور پلانٹ کو مکمل فعال کرنے کیلئے تختی کی نقاب کشائی کی اور کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ آج ایک بہت تاریخی دن ہے، ہماری حکومت کی کوششوں سے ملک پر چھائے اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمبائنڈ سائیکل 1180 میگا واٹ بھکھی پاور پلانٹ حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے، یہ پلانٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین گیس ٹیکنالوجی پاور پلانٹ ہے۔ پلانٹ سے مارچ 2017 سے اب تک 3.1 ارب یونٹ بجلی کی پیداوار حاصل کی جا چکی ہے۔ اس پاور پلانٹ کے منصوبے میں 39 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھکھی پاورپلانٹ کو پنجاب حکومت کے سرمائے سے لگایا گیا، برق رفتاری اور شفافیت سے منصوبے کو لگایا گیا۔ دن رات محنت کی سترسالوں میں کوئی مثال نہیں ملتی، نیشنل گرڈ میں دس ہزارمیگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا۔ ساہیوال، پورٹ قاسم پلانٹ2700 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، تربیلا فورکا پہلا فیزمکمل ہوچکا ہے۔

سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری آجکل واسکٹ پہن کر قوم کو بھاشن دیتے ہیں، ہماری حکومت کا پہلا سال دھرنوں میں لگ گیا، دھرنے والوں نے معیشت کا دھڑن تختہ کیا، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عمران نے وعدہ کیا تھا کہ پورے پاکستان کوبجلی مہیا کریں گے، عمران نے خیبرپختونخوا میں منفی چھ میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ ہمارا ہر کام پاکستان کی بہتری کے لیے ہے، سندھ کے نوری آباد کا پلانٹ بھی آج تک مکمل بجلی پیدا نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی لیڈرشپ میں یہ تمام فیصلے ہوئے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اویس لغاری نے بھرپورسپورٹ کیا، مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ احد چیمہ کی تعریف کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ احد چیمہ نے بھی دن رات کام کیا، احد چیمہ کے لیے زوردارتالیاں بجائیں۔

واضح رہے کہ گیس سے چلنے والے پاور پلانٹ کو 32 مہینوں کی مدت میں مکمل کیا گیا، بھکھی پاور پلانٹ میں 2 ٹربائینیں گیس اور 1 سٹیم سے چل رہی ہے۔

install suchtv android app on google app store