شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم آبائی گاؤں میں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم آبائی گاؤں میں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک فائل فوٹو

دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مری کے نواحی گاؤں گیہل میں 22 سالہ لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا گیا۔

شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی ندیم رضا، جی او سی مری اظہر عباس، ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود، سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی سمیت شہید کے لواحقین اور اہل محلہ اور قریبی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گزشتہ روز لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی جس میں شہید کے اہل خانہ، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ اور گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سمیت سیاسی اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ لیفٹیننٹ ارسلان عالم گزشتہ روز خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی اور وہ بطور کمانڈنگ آفیسر فرائض انجام دے رہے تھے جب کہ راجگال میں جس پوسٹ پر فائرنگ کی گئی اسے حال ہی میں قائم کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی سوشل میڈیا پر گفتگو اور پوسٹ نے سب کی آنکھیں نم کردیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بطور خودمختار قوم ہماری بقا کا معاملہ ہے، پاک سرزمین سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

 

install suchtv android app on google app store