لاہور میں دھماکا: ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی شہید

ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) احمد مبین ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) احمد مبین

مال روڈ پر دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت 10 افراد شہید ہوگئے جب کہ دیگر پولیس اہلکاروں اور ٹریفک وارڈنز سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سچ نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے مال روڈ پر ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل اسٹورز کے مالکان کا احتجاج جاری تھا کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی جب کہ دھماکے کی جگہ آگ لگ گئی اور دھواں اٹھنے لگا۔

نمائندہ سچ نیوز کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں اور ٹریفک وارڈنز سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں بعض شدید زخمی ہوئے ہیں، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مزید جانیں: لاہور بم دھماکہ: مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے قریب دھماکہ میں درجنوں افراد زخمی

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کے قریب موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اور زخمیوں کو گنگا رام اور میو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

نمائندہ کے مطابق دھماکے کے وقت سی سی پی او لاہور امین وینس اور ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین سمیت دیگر اعلیٰ پولیس حکام جائے وقوعہ کے قریب پولیس نفری کے ہمراہ موجود تھے اور اس دوران دھماکا ہوگیا، ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل دھماکے کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

سی سی پی او لاہور نے ڈی آئی جی ٹریفک لاہور اور ایس ایس پی زاہد گوندل کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس اہلکاروں نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے، عوام کو دھماکے کی جگہ سے دور کردیا گیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے۔ پاک فوج کے دستے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور جائے وقوعہ کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے۔

نمائندہ سچ نیوز کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد ٹریفک وارڈن نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار شخص نے خود کو گاڑی سے ٹکرایا جس سے زور دار دھماکا ہوا اور موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔

دھماکے کے بعد لاہور بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store