4 مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا: بلاول

بلاول بھٹو بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف ریلی آج لاہور سے فیصل آباد کی جانب رواں دواں رہی، بلاول بھٹو کی قیادت میں پرجوش جیالے نعرے بازی کرتے ہوئے محو سفر رہے، پی پی چیئرمین نے بھی جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگا دیا، کہتے ہیں حکمرانوں سے اسی سال نجات حاصل کریں گے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف ریلی فیصل آباد پہنچ کر ختم ہو گئی۔ فیصل آباد پہنچ کر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی مگر برآمدات کم ہو گئی ہیں، وزیر اعظم کس ترقی کی بات کرتے ہیں؟ بلاول نے اعلان کیا کہ ضیاء کی باقیات کے خاتمے اور چار مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

اس سے قبل، ریلی کے دوران جیالوں کے روایتی رنگ لاہور سے لے کر فیصل آباد تک ہر سو بکھرے رہے۔ بلاول بھٹو بھی جیالوں کے سنگ سنگ محو سفررہے۔ پارٹی پرچموں کی بہار اور نعروں کی بھر مار کے دوران پیپلز پارٹی نے سرد ترین موسم میں بھی سیاست گرما دی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 2017ء حکومت سے نجات کا سال ہے، ن لیگ کو بھگانے کیلئے عوام ساتھ دیں۔ بلاول نے اعلان کیا کہ قافلہ اب رکنے والا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضیاء کی باقیات کے خاتمے اور چار مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

لاہور سے نکلی ریلی کے شرکاء جگہ جگہ رنگ جماتے رہے۔ پی پی چیئرمین بھی کارکنوں کو خوب گرماتے رہے۔ شاہ کوٹ میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام ساتھ دیں تو وہ جانتے ہیں کہ ن لیگ کو کیسے بھگانا ہے۔ بلاول بھٹو نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ بھی لگایا، بولے حکمرانوں سے اسی سال نجات حاصل کریں گے۔

اس سے پہلے بلاول ہاؤس لاہور میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ جیالوں نے نان چنے اور حلوہ پوریاں اڑائیں۔ گرما گرم چائے کی چسکیاں بھی خوب لیں۔

install suchtv android app on google app store