نابینا افراد کے پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب

حکومت اور نابینا افراد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ دو روز کی کوشش کے بعد بلا آخر نابینا افراد کی میاں حمزہ شہباز سے ملاقات ہو گئی۔ مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں میں فوری نوکری دینے کی یقین دہانی کرا دی گئی۔

دو روز سے جاری نابینا افراد نے بینا افراد کو منا ہی لیا۔ پہلے مال روڈ پھر پنجاب اسمبلی اور پھر ماڈل ٹاون جا پہنچے۔

ایوان وزیر اعلیٰ ماڈل ٹاون لاہور میں نابینا افراد نے رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کی۔

ملاقات میں نابینا افراد نے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل اور بے روزگار افراد کو فوری کنٹریکٹ ملازمت پر بھرتی کرنے کا مطالبہ کیا۔

مذاکرات کے بعد نابینا افراد کا کہنا تھا کہ وہ مذاکرات سے مطمئن ہیں۔

حکومتی کمیٹی کے رکن سعود مجید کا کہنا تھا کہ نابینا افراد کے تمام مطالبات مرحلہ وار مان لئے جائیں گے جبکہ فوری طور پر تمام بے روزگار نابینا افراد کو مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز میں نوکریاں دی جائیں گی۔

نابینا افراد کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو وعدے کیئے ہیں ان کو جلد پورا کرے تاکہ انہیں دوبارہ احتجاج کا راستہ نہ اپنانا پڑے۔

install suchtv android app on google app store