پورا پاکستان لاہور کی طرف دیکھ رہا ہے: عمران خان

چیرمین تحریک انصاف عمران خان چیرمین تحریک انصاف عمران خان

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں جس سے ہمیں نئے پاکستان کی امید ملی جب کہ پورے پاکستان کی نظریں کل لاہور کے حلقے این اے 120 میں ہونے والے ضمنی الیکشن پر جمی ہوئی ہیں۔

خوشاب میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کل این اے 120 لاہور میں زبردست میچ ہونے والا ہے، ایک طرف یاسمین بی بی ہیں تو دوسری طرف ایم این اے، ایم پی ایز اور مریم بی بی، جس میں وفاق اور پنجاب حکومت کے وسائل بھی شامل ہیں۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 120 کے لوگو پیسہ دینا مسلم لیگ (ن) کا پرانا وطیرہ ہے اور اگر ضمنی الیکشن کے لئے یہ لوگ پیسہ دیں تو لے لو لیکن ووٹ بلے کو ہی دینا کیونکہ سارا پاکستان آپ کی طرف دیکھ رہا ہے، کل آپ کو دکھانا ہے کہ آپ اس ملک کی عدلیہ کے ساتھ ہیں یا سب سے بڑے ڈاکو کے ساتھ ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج تک جیلوں میں غریب آدمی جاتا تھا اور چھوٹا چور چوری کرتا ہے تو پیسا ملک میں خرچ کرتا ہے لیکن بڑے بڑے ڈاکو اقتدار میں آکر قوم کا پیسا باہر بھیجتے ہیں تو قرضے لینے پڑتے ہیں اور حکمران قرضوں کا پیسا واپس کرنے کیلیےعوام پر ٹیکس لگاتے ہیں جس کی وجہ سے بجلی اور گیس مہنگی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان سمجھ گئے ہیں کرپشن کے کینسر کو ختم کرنا ہو گا، سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں جس سے ہمیں امید ملی جب کہ کل لاہور کے لوگ فیصلہ کریں گے وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ برصغیر میں پاکستان سب سے غریب ملک ہے اور ہم بنگلادیش اور بھارت سے بھی پیچھے رہ گئے ہیں جب کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، قوم غربت میں ڈوب گئی اور ان کے بچوں کے بچے بھی ارب پتی بن گئے، کرپشن سے چھوٹا سا طبقہ ارب پتی بن جاتا ہے جب کہ عوام غربت اور افلاس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سنگاپورکے وزیراعظم نے 3 وزیروں کو جیل میں ڈالا اور سنگاپورمیں ایماندار وزیراعظم نے کرپشن سے بچنے والا پیسا تعلیم پر خرچ کیا جب کہ ہمارے ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔

install suchtv android app on google app store