وزیر اعظم کا شانگلہ میں میڈیکل کالج اور گرڈ اسٹیشن بنانے کا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے شانگلہ میں میڈیکل کالج اور گرڈ اسٹیشن بنانے کا اعلان کردیا ۔

بشام میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک سو بتیس کے وی کا گریڈ اسٹیشن تین ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

وزیر اعظم نے گلیاں ، سڑکیں اور پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے دو ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے سابق حکومت کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ چار سال کی حکومت کرپش اور نااہلی کی حکومت تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے چار سال میں چوبیس ہزار ارب کا قرض لیا ۔ کہیں کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاور کی بی آر ٹی چلتی رہی اور جلتی رہی، آج غداری اور وفاداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار سال بدترین لوڈشیڈنگ کی گئی ، چار سال میں مہنگائی اور کرپشن عروج پر چلی گئی، جب تک جان میں جان ہے دن رات ملک کیلئے کام کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے کبھی جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، شہباز شریف جاگے گا اور آپ آرام سے سوئیں گے۔

شہباز شریف نے خیبر پختون خوا میں آٹا سستا کرنے کا وعدہ کیا، انہوں نے کہا کہ محمود خان صوبے میں سستا آٹا دیں ، وزیراعلیٰ نہ کر سکے تو میں آٹا سستا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو سستا آٹا دوں گا ، ایک دو دن میں آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہے وہی خیبرپختون خوا میں ہو گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں مفت علاج فراہم کیا جائے، صوبائی حکومت نے ایسا نہ کیا تو میں علاج فری کروں گا ۔

install suchtv android app on google app store