مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید، حملے میں قابض اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید، حملے میں قابض اہلکار ہلاک مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید، حملے میں قابض اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران مزید2 نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ حملے میں ایک قابض اہلکار بھی مارا گیا۔

قابض فوج نے ایک نوجوان کو سوپورکے علاقے ربن میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ سوپورکے کئی علاقوں میں نوجوان کے قتل اور فوجی آپریشن کیخلاف زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے۔ ہادی پورہ اور چٹلورہ کے رہائشیوں نے ربن کی طرف مارچ کی کوشش کی جبکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں قابض اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

قابض انتظامیہ نے سوپور میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی اور تعلیمی ادارے بندکردیے۔ ضلع شوپیاں میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے شوپیاں اور کولگام اضلاع کے20 دیہات میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے اسلام آباد قصبے میں پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کرکے ایک بھارتی اہلکارکو ہلاک اوردوسرے کو شدید زخمی کردیا۔

ادھر بھارتی پولیس نے یاسین ملک، سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کوگھروں میں نظر بندکردیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں صحافتی تنظیموں نے بھارتی تحقیقاتی ادارے سے کہا ہے کہ وہ فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف پر لگائے جانے والے الزامات سامنے لائے۔

سید علی گیلانی نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف بھر پورہ احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پرکشمیریوں کو خراج تحسین اداکرتے ہوئے کہاکہ بحیثیت ایک مظلوم ومحکوم قوم کے کشمیری روہنگیا مسلمانوں کی تکلیف اور دکھ درد کو پوری طرح سے محسوس کررہے ہیں۔

علاوہ ازیں آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی آمدکے موقع پرعام ہڑتال ہوگی۔ اس موقع پر تمام کاروباری مراکز دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام بھی مفلوج رہے گا۔ ہڑتال کی اپیل حریت قائدین سید علی گیلانی، میرواعط عمر فاروق اور یاسین ملک نے دی تھی۔

اپنے مشترکہ بیان میں حریت قائدین نے کہاکہ بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلی انتطامیہ کی طرف سے حریت قیادت اور نہتے کشمیریوں پر مظالم اور حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں پر توجہ دلانے کیلیے کشمیری مکمل ہڑتال کریں گے۔

install suchtv android app on google app store