پاک-بھارت ڈی جی ایم اوز رابطہ، 4 جوانوں کی شہادت پر احتجاج

  • اپ ڈیٹ:

پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا کا بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن پر معمول کا رابطہ ہوا اور پاک فوج کے 4 جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھارتی ڈی جی ایم او سے احتجاج کیا اور کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے جان بوجھ کر پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کے حملے کے نتیجے میں 4 فوجی جوان شہید اور 1 فوجی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل شمشاد مرزا نے بھارتی ہم منصب کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ اس طرح کے واقعات کشیدگی میں اضافہ کرکے خطے میں امن و سلامتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

میجر جنرل شمشاد مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان اس حد تک نہیں جانا چاہتا جہاں پر ایک دوسرے کی سپلائی لائنیں بند کردی جائیں۔

پاکستانی ڈی جی ایم او نے انتباہ کی کہ بھارت کی جانب سے اس قسم کی خلاف ورزیاں نہ روکی گئیں تو پاکستان بھرپور اور سخت جواب دے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وادی نیلم میں ایل او سی کے قریب بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کی گاڑی دریا میں جاگری تھی اور چار فوجی بھی ڈوب گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کا واقعہ گزشتہ سال مسافر بس پر ہونے والی فائرنگ جیسا ہی واقعہ تھا جس میں 10 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store