لائن آف کنٹرول: پاک فوج کی پوسٹ تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد

بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاک فوج کی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان آرمی کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوے غلط ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’بھارت کی جانب سے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے غلط ہیں‘۔

پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کا دوسرا دعویٰ کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری علاقوں پر فائرنگ کی ہے یہ ’بھی غلط ہیں‘۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے ہندوستانی فورسز کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ متنازع جموں و کشمیر کے علاقے میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فورسز نے راجوری کے مقام پر پاکستانی پوسٹ تباہ کردی ہے۔

بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ پوسٹ راجوری میں ناؤشیرا کے مقام پر قائم تھی۔

بھارتی فورسز کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران میجر جنرل اشوک نارولا کا کہنا تھا کہ ’گرم موسم کے باعث وادئ میں برف پگل رہی ہے جس نے پاکستانی علاقوں سے سرحد پار مداخلت کا امکان بڑھا دیا ہے جبکہ بھارتی فورسز ان حملوں کا جواب دینے کیلئے تیار ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایل او سی پر فوری غلبے کے حصول اور مداخلت کو روکنے کیلئے انسداد دہشت گردی آپریشن کے منصوبے کا حصہ ہے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ گذشتہ ہفتے بھارتی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک گروپ کو اس وقت روکا تھا جب وہ سرحد پار کرنے کی کوشش کررہے تھے، 24 گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران 7 افراد ہلاک ہوئے جن میں 3 اہلکار بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ کچھ سالوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی کے مقام پر حالات ایک مرتبہ بھر کشیدہ صورت حال اختیار کرچکے ہیں اور دونوں ممالک کی فورسز کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ انھوں نے ایک دوسرے کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا ہے۔

گذشتہ روز بھارتی فضائیہ کے ایئر چیف مارشل بی ایس دھنووا کی جانب سے 12 ہزار فوجیوں کو بھیجے گئے خطوط میں یاددہانی کرائی گئی تھی کہ وہ 'مختصر نوٹس پر کارروائی کے لیے تیار رہیں'۔

خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 لاکھ کے قریب فوجی اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔

علیحدگی پسندوں کی جانب سے بھارتی اہلکاروں اور پیراملٹری فورسز پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، گزشتہ ہفتے بھی علیحدگی پسندوں نے ایک بھارتی فوجی آفیسر کو ضلع چھوپڑیاں میں اس وقت ہلاک کردیا تھا، جب وہ شادی کے لیے چھٹیوں پر واپس گھر جا رہا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس نوجوان کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس میں سینکڑوں ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

بھارتی فوج اور پولیس کا دعویٰ ہے کہ تشدد میں اضافے کے بعد سینکڑوں کشمیری نوجوانوں نے علیحدگی پسند گروپوں میں شمولیت اختیار کرلی۔

install suchtv android app on google app store