پانچ ماہ میں 150 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے

پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ بنائے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ 8 جولائی کو برہان وانی کے شہادت کے بعد سے بھارت کشمیر میں اقوام متحدہ اور بنیادی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ترجمان نے کہا کہ بھارت پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کو استعمال کرکے بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 150 سے زائد کشمیریوں کو شہید، 10 ہزار کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ 6 ہزار کے قریب بے گناہ کشمیری بھارتی فورسز کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پیلیٹ گنز سے زخمی ہوچکے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم پر شدید خدشات لاحق ہیں اور پاکستان اس معاملے کو ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے تقریباً 17 ہزار کشمیریوں کی طبی امداد تک رسائی نہیں، بھارتی فورسز اور آر ایس ایس جیسی ہندو انتہا پسند تنظیموں پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلانا چاہیے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ مبینہ طور پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے غیر رہائشی ہندوؤں کو کشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنا شروع کردیے ہیں تاکہ علاقے کی آبادیاتی ہیت کو تبدیل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے متنازع علاقے میں دستاویزی تبدیلیاں کرنا اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان، روس اور چین کے درمیان سہ فریقی اجلاس 27 دسمبر کو ماسکو میں منعقد ہوگا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کریں گے جہاں افغانستان سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئیں گے۔

افغانستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں جس کا اعتراف امریکا سمیت عالمی برادری نے بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کیں۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں 728 پاکستانی شہری مختلف مقدمات کی وجہ سے جیلوں یا پھر ڈیپورٹیشن سینٹرز میں ہیں جنہیں قانونی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

پینٹاگون کی رپورٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دی۔

پاکستان میں بھارتی مداخلت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ بھارت کے ریاستی عناصر کی پاکستان میں مداخلت کھلی حقیقت ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی،اجیت دوول اور کلبھوشن یادیو کی گرفتاری نے اسے تقویت بخشی۔

اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر جاری آبادکاری کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 1967 سے پاکستان اس طرح کے اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سمجھتا ہے اور سخت مخالفت کرتا ہے۔

install suchtv android app on google app store