مقبوضہ کشمیر: ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے سیکڑوں نوجوان نابینا

 ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان ہسپتال میں زیرعلاج ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان ہسپتال میں زیرعلاج

مقبوضہ کشمیر کے مرکزی ہسپتال کو، گزشتہ 4 روز میں زخمی ہونے والے سیکڑوں مریضوں کے علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ کئی زخمی مریض شاٹ گن کے زخموں کے باعث اپنی بینائی کھو سکتے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی کے باعث شہید ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے، جبکہ ایمبولینسز کئی زخمیوں کو سری نگر کے سری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) منتقل کر رہی ہیں، جہاں ایک ہی بیڈ پر کئی زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔

ایس ایم ایچ ایس کے ایک ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرز دن رات کام کر رہے ہیں، جبکہ ہفتہ کی صبح سے اب تک ہم آنکھوں میں شدید زخم والے 90 مریضوں کا آپریشن کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر مریض اپنی ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں اور جب وہ ہسپتال سے جاتے ہیں تو ایک آنکھ والے لڑکے ہوتے ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے عملے کو میڈیا سے بات نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، لیکن ہسپتال کے وارڈز نوجوان لڑکوں اور مردوں سے بھرے پڑے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کو ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے چھرے لگنے کے باعث آنکھوں میں شدید زخم آئے ہیں۔

زخمی نوجوانوں میں سے ایک نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ وہ اس وقت زخمی ہوا جب ہندوستانی فوج نے، سری نگر میں جمعہ کی شام کو مسجد سے باہر آنے پر اس کے اور اس کے دوستوں کی جانب چھرے والے بندوقوں سے فائر کیا۔

اس نے پٹی لگی زخمی آنکھوں سے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اب کچھ نہیں دیکھ سکتا۔

ریاست کے سینئر منتظم کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں اور جھڑپوں میں اب تک کم از کم 1500 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

زیادہ کشیدگی ریاستی دارالحکومت سری نگر کے جنوب میں دیکھنے میں آئی، جہاں ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو مشتعل کرنے کے لیے سیدھی فائرنگ، چھرے والی بندوقوں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

پیر کے روز سری نگر کے جنوب میں مظاہرین کی جانب سے ملٹری ایئربیس کو بھی نذرآتش کرنے کی کوشش کی گئی۔

دوسری جانب ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے مزید کشمیری ہسپتال میں دم توڑ گئے، جس کے بعد حالیہ کشیدگی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔

install suchtv android app on google app store