الیکشن کمیشن: سینیٹ کی خالی نشست کیلیے انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا

سینیٹ فائل فوٹو سینیٹ

نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ نشست کیلئے پولنگ12ستمبر کو ہو گی۔ صوبائی الیکشن کمشنربلوچستان ریٹرننگ افسر تعینات کیے گئے ہیں۔

الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 27،28اگست تک جمع کرائےجاسکیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 5 ستمبرکو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار اپنےکاغذات 6 ستمبر تک واپس لےسکیں گے۔

نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو 20 اگست کو انتقال کر گئے تھے وہ پھیھپڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔

میر حاصل بزنجو سابق گورنر بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے صاحبزادے تھے، انہوں نے 70 کی دہائی میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے سیاست کا آغاز کیا۔

میر حاصل بزنجو نے 1988 میں نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور نال سے انتخابات میں حصہ لیا، وہ 1989 میں پاکستان نیشنل پارٹی کی سرگرمیوں میں زیادہ فعال رہے۔

انہوں نے 1990 میں انتخابات میں حصہ لیا اور پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، میر حاصل بزنجو 1996 میں پاکستان نیشنل پارٹی کے صدر منتخب ہوئے، 1997 کے انتخابات میں وہ دوسری بار اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

مشرف دور میں حکومت کے خلاف تقریر کرنے پر حاصل بزنجو کو قید کاٹنا پڑی، 2002 میں حاصل بزنجو کی پارٹی اور بلوچ نیشنل موومنٹ کا الحاق ہوا، وہ پارٹی کے پہلے کنونشن میں جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔

میر حاصل بزنجو پارٹی کے دوسرے کنونشن میں سینئر نائب صدر منتخب ہوئے، وہ 2009 میں بلوچستان سے سینیٹر بھی منتخب ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store