واضح طور پر کہتا ہوں سزا دی نہیں دلوائی جارہی ہے: نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف فائل فوٹو سابق وزیراعظم نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے میں ایسا پیغام تھا کہ نواز شریف کو ہر قیمت پر سزا دینی ہے اور واضح طور پر کہتا ہوں سزا دی نہیں جارہی دلوائی جارہی ہے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں ایسے ریمارکس تھے جیسے ہمارے سیاسی مخالفین دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ہر قیمت پر نواز شریف کو سزا دینی ہے اور چند روز قبل نظرثانی اپیل پر آنے والا عدالتی فیصلہ نہیں بلکہ واضح پیغام تھا کہ نیب ہر قیمت پر نواز شریف کو سزا دے۔

مزید جانئیے: میرے خلاف تحقیقات سیاسی مقاصد کیلئے تھیں، فرد جرم پر نوازشریف کا جواب

نواز شریف نے کہا کہ '1999 میں بھی یہ کہا گیا کہ طیارہ ہائی جیک کیس میں سزا دلوائی جارہی ہے، اس وقت بھی مجھے پھنسایا گیا اور آج بھی وہی معاملہ دہرایا جارہا ہے'۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کو ضمانت مل گئی اس پر آپ کا کیا ردعمل ہے جس پر نواز شریف نے کہا کہ یہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے۔

یہ بھی جانئیے: نوازشریف کےضبط وتحمل کوغلط معنی دینے والے اسے امتحان میں نہ ڈالیں: مریم نواز

انہوں نے کہا کہ ایک میرا مقدمہ ہے ایک دوسروں کا مقدمہ ہے، دونوں مقدمات میں اصول اور ضابطے الگ الگ ہیں، میرے مقدمے میں ضابطے اور ہیں ان کے مقدمے میں ضابطے الگ ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے دہرے معیار کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

 

install suchtv android app on google app store