انصاف کا تماشہ نہ بنائیں، کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں: مریم نواز

  • اپ ڈیٹ:
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز فائل فوٹو مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ انصاف کا تماشہ نہ بنائیں اگر کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنا دیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر لندن فلیٹس ریفرنس پر میاں نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر محمد صفدر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

عدالتی کارروائی کے بعد باہر آکر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ ایک فیملی کے ٹرائل اور انصاف کا تماشہ نہ بنایا جائے، اگر کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں، ہم آئین، قانون اور عدالتوں کے احترام میں یہاں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بڑے بڑے ڈبوں والے ثبوت کہاں چلے گئے، کیس میں فیصلہ پہلے ہوگیا اور مقدمہ بعد میں چل رہا ہے، کھلے دل، صبر اور حوصلے کے ساتھ ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں لیکن ایک دن احتساب کا بھی احتساب ہوگا۔

مزید جانئیے: نیب ریفرنسز: نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی میں پالیسی اب بھی نوازشریف کی چل رہی ہے، پارٹی متحد ہے اور پارٹی کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے طنزیہ انداز میں کہا پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ ’سیسیلین مافیا‘ عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اسی ہفتے کے آخر یا آئندہ ہفتے واپس آجائیں گے، والدہ کی کیمو تھراپی ہورہی ہے اور صحت میں بہتری آرہی ہے تاہم ان کی مکمل ریکوری میں 6 ماہ لگ جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے نوٹ میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مشہور ناول ’گاڈ فادر‘ اور سیسیلین مافیا کا ذکر کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store