ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیان سے گریز کرنا چاہیے: احسن اقبال

  • اپ ڈیٹ:
احسن اقبال احسن اقبال

وفاقی وزیر داخلہ اور ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کو معیشت پر بیانات اور تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے پاکستانی معیشت سے متعلق دیئے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ’پاکستان کی معیشت مستحکم ہے، غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کی عالمی ساکھ متاثر کر سکتے ہیں اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیانات اور تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’2013 کے مقابلے میں ملکی معیشت بہت بہتر ہے، ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ پر عمل ہو رہا ہے اور اب ہمیں آئی ایم ایف پروگرام پر جانے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں توانائی کے منصوبوں اور بجلی کی فراہمی سے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری سے درآمدات پر دباؤ پڑا ہے مگر قابل برداشت ہے، ٹیکسوں کی وصولی میں دو گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے جبکہ سیکیورٹی آپریشنز کے لیے بھی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔‘

install suchtv android app on google app store