ناجائز اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری

 وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیرخزانہ اسحاق ڈار

احتساب عدالت نے ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی، سماعت کے دوران اسحاق ڈار کے بجائے ان کے پروٹوکول آفیسر فضل داد عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ریفرنس: احتساب عدالت نے نواز شریف اور بچوں کو 19 ستمبر کو طلب کیا

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ سمن جاری ہونے کے باوجود عدالت پیش نہ ہونے پر اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے ملزم اسحاق ڈار کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کریں گے: چیرمین نیب

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان پر 3 جب کہ اسحاق ڈار پر ایک ریفرنس دائر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما کیس: نیب تفتیشی افسران کو عید سے قبل رپورٹ جمع کرانے کا حکم

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دیتے ہوئے نیب کو شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف 4 ریفرنسز دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store