وزیراعظم کی نیو یارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، مختلف امور پر بات چیت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکی نائب صدرمائیک پنس سے ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی، وزیرخارجہ خواجہ آصف، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری اور فواد حسن فواد بھی موجود تھے۔ امریکی نائب صدرمائیک پنس نے شاہدخاقان عباسی کی آمد پرشکریہ اداکیا۔

اس موقع پر امریکا کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان سے تعلقات کواہمیت دیتا ہے، خطے کی سلامتی کیلیے پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرناچاہتے ہیں، خطے کےامن اورسلامتی کیلیے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں جب کہ پاکستان سے بہترتعلقات کیلیے نئی راہیں تلاش کررہے ہیں۔

دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے کہا امریکا سے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگرامور پر تبادلہ خیال چاہتے ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان عالمی اتحاد کا حصہ ہے اور اس جنگ میں پاکستان نے بے پناہ نقصان اٹھایا ہے جب کہ پاکستان خطےسے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہے، اور دہشت گردی کےخلاف تعاون جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ ترکی اور پاکستان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ روہنگیا مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ترک صدر طیب اردگان نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ باہمی مفادات پر مبنی اسٹرٹیجک شراکت داری کو مضبوط رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دنوں ممالک کے درمیان تعلقات اور اسٹرٹیجک پارٹنر شپ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔

ترک صدر نے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات ، مختلف شعبوں میں تعاون اور علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک جیسا موقف اپنانے کو سراہا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت پر ترک صدرکا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اور ترکی نے ایک دوسرے کے کلیدی اہمیت کے حامل مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کاعزم کیا جب کہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے اور آزادنہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی اور طیب اردگان نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے سیاسی، دفاعی، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر اسلامی تعاون تنظیم کے کنٹیکٹ گروپ کاخصوصی اجلاس بھی نیویارک میں ہوگا جس میں ترکی اور پاکستان مل کر روہنگیا مسلمانوں کا مسئلہ اٹھائیں گے۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر حسن روحانی، اردن کے شاہ عبداللہ اور سری لنکا کے رہنما سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں عالمی صورتحال اور باہمی دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store