نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے: قمرزمان چوہدری

قمرزمان چوہدری قمرزمان چوہدری

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے جبکہ موجودہ انتظامیہ کے دور میں 50 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرادیے گئے ہیں۔

آسٹریا کے شہر ویانا میں عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے قمر زمان چوہودری نے کہا کہ بدعنوانی کے تدارک کے لیے بدعنوانی کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن (یو این سی اے سی) پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے موجودہ انتظامیہ کی جانب سے انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی اور پا کستان کی جانب سے بدعنوانی کے تدارک کے لیے کیے گئے تجربات پر مبنی اچھے عمل اور اقدامات سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو پیش کیا۔

کانفرنس میں موجود شرکا نے نیب کی انسداد بدعنوانی حکمت عملی بالخصوص نیب کی موثر آگاہی اور تدارک کی مہم 'بدعنوانی سے انکار' کو سراہا۔

انھوں نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے اور نیب بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں 50 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔

قمرزمان چوہدری نے کہا کہ نیب کی سزا کی شرح 75 فیصد ہے جو کہ پاکستان میں انسداد بدعنوانی کے کسی بھی ادارے کی مثالی کارکردگی ہے۔

یاد رہے کہ نیب کے موجودہ چیئرمین قمرزمان چوہدری نے 10 اکتوبر 2013 کو اپنے عہدے کا حلف لیا تھا اور وہ تین سال کے لیے نیب کے چیئرمین مقرر ہوئے تھے جو رواں سال اکتوبر میں مکمل ہوجائے گی۔

install suchtv android app on google app store