طالبان کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں موجود ہیں: ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانے کسی دوسری جگہ نہیں بلکہ افغانستان میں موجود ہیں۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کے بارے میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب نے افغانستان میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کے عام کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا کہ پاکستان نے پچھلے چار عشروں سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ہے اور اب بھی 20 لاکھ پناہ گزین پاکستان میں مقیم ہیں۔ انھوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

پاکستان کی مندوب نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے تنازع کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ’ضرب عضب‘ اور ’رد الفساد‘ آپریشنز کے ذریعے افغان سرحد کیساتھ اپنے تمام قبائیلی علاقوں سے دہشت گردوں کے خاتمے میں کامیابی حاصل کی ہے اور پاکستان، افغان سرحد کیساتھ نگرانی اور خاردار باڑ لگانے سمیت بارڈر کنٹرول پر عملدرآمد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے اور خطے کے تمام ملکوں کو مل کر اس خطرے سے نمٹنا ہو گا۔

install suchtv android app on google app store