یوم پاکستان: 23 مارچ ہماری تاریخ کا ناقابل فراموش دن

یوم پاکستان: 23 مارچ ہماری تاریخ کا ناقابل فراموش دن فائل فوٹو یوم پاکستان: 23 مارچ ہماری تاریخ کا ناقابل فراموش دن

ملک بھر میں 77 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں خصوصی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ تقریبات ترتیب دی گئیں ہیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔

یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مسجدوں میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

آج ملک بھر عام تعطیل ہے،جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں اس حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دن کی مرکزی تقریب پریڈ ایونیو اسلام آباد میں ہوگی، جہاں فوجی پریڈ اور جیٹ لڑاکا طیارے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کریں گے۔

صدر مملکت ممنون حسین تقریب کے مہمان خصوصی ہیں جبکہ وزیراعظم نوازشریف اورمسلح افواج کے سربراہان بھی اس رنگا رنگ تقریب میں شریک ہیں۔

شام کو ایوان صدر میں خصوصی تقریب کے دوران صدر ممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ایوارڈ بھی دیں گے۔

یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

صدر مملکت کا خصوصی پیغام

صدر ممنون حسین نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، اقوام عالم میں پاکستان کے مقام کی پوری دنیا تعریف کرتی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اقوام عالم میں پاکستان کا ایک منفرد نام اور مقام ہے، اور ہمیں اس مقام پر فخر ہے۔

23 مارچ ہماری تاریخ کاناقابل فراموش دن: وزیر اعظم

وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا پاکستان جمہوری ہے جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہے, اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور ترقی یافتہ مملکت بنائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جارہی ہے،3سال میں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کیلئے یکسوئی سے پیشترفت ہوئی۔

نواز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام کو کھوئی ہوئی منزل کا سراغ مل گیا،دیانتدار قیادت میسر ہوتو ناممکن کو ممکن بنایاجاسکتا ہے۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس دوران پاک فضائیہ کا چاک و چوبند دستے نے علامہ اقبال کو سلامی پیش کی اور شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

گارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے ایئر کموڈور سلمان محبوب تھے، تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزار اقبال کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

install suchtv android app on google app store