دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: نواز شریف

نواز شریف نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے سیکیورٹی انتظامات میں خلل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کوبھی ختم کرنا ضروری ہے۔

لاہور میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیردفاع خواجہ آصف، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور چیف سیکریٹری پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ روزکے خود کش دھماکے سے پیدا صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ پنجاب میں سرچ اورکومبنگ آپریشن مزید تیز کرنے پرغور کیا گیا۔

اجلاس میں اعلی ٰسیکیورٹی حکام نے وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور لاہور دھماکے کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا۔

اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ سال پنجاب کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے دہشت گردی کی بارہ وارداتوں کو ناکام بنایا، جبکہ 231 دہشت گردوں کو ہلاک اور 769 کو گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونے والے خودکش حملے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن ریٹائرڈ احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد ہلاک اور 85 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے کے وقت مال روڈ پر فارما مینوفیکچررز اور کیمسٹس کا دھرنا جاری تھا، اور احمد مبین مظاہرین سے مذاکرات کے لیے آئے تھے۔

install suchtv android app on google app store