مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مصدق ملک اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ مسلم لیگ ن کے موقف کی تائید ہے جرمن اخبار نے پرانی خبر کو نیا بنا کر پیش کیا، تحریک انصاف کے پاس صرف مفروضے اور اخباری تراشے ہیں ،پی ٹی آئی اب تک وزیراعظم کا لندن فلیٹس سے تعلق ثابت نہیں کر سکی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مصدق ملک اور دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عدالت نے پانامہ کیس میں واضح ثبوت مانگے ہیں مگر پی ٹی آئی وزیراعظم کیخلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی بی سی رپورٹ نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے اور اب جرمن جریدے کی رپورٹ کو اچھالا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جرمن اخبار نے مریم کا پاناما پیپر سے تعلق ظاہر کردیا
اس موقع پر دانیال عزیز نے کہا کہ آئی سی آئی جے کوئی ادارہ نہیں ایک پروجیکٹ ہے،جرمن ادارے نے پرانی خبر پر نئی پنی چڑھا کر بیچی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو الیکشن کمیشن سے استثنی نہیں ملا اب جہانگیر ترین نے لاہور میں استثنیٰ مانگ لیا ہے۔
انھوں نے الزام لگایا کہ عمران خان دنیابھر سے پیسہ جمع کر کے امریکا لے گئے پھر پاکستان لے آئےاور سیلاب متاثرین کے فنڈز سیاست کی نذرکئے گئے۔ عمران خان سے چھٹی بار منی ٹریل مانگی گئی لیکن وہ فراہم نہیں کرسکے۔