وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم آورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان، مریم نواز سے خوفزدہ ہیں، عمران خان نے پوری زندگی صرف جھوٹ بولنے میں مہارت حاصل کی ہے۔ عدالتیں حقائق اور ثبوتوں کی بنا پر فیصلے دیتی ہیں جو عمران خان کے پاس نہیں، دوسری جانب راناثناءاللہ کہتے ہیں شیخ رشید صرف پشین گوئیاں کرسکتاہے۔
مریم آورنگزیب نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقریر کے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر اپنے لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں۔ عمران خان بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا شکار ہیں کیونکہ وہ جھوٹ بولتے ہیں، انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہی کہ وہ کیا کہیں اور کہاں جائیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان صرف جلسوں اور کنٹینر پر عدالت لگانے کے عادی ہیں۔ وزیر مملکت کا کہناتھا کہ عمران خان کو اس عمر میں خواتین کا احترام کرنا چاہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرراناثناء اللہ نے فیصل آباد میں مقامی کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کوخوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ شیخ رشید ڈھیٹ اور بےشرم سیاستدان ہے اس کی مثال نہیں ملتی یہ صرف پیشن گوئیاں ہی کرسکتاہے۔
صوبائی وزیرنے دعوی کیاکہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے ہر پوائنٹ پر بہترین کام ہوا ہے محرم، عید میلادالنبیﷺ کے مواقع پر امن گزرے کوئی فرقہ وارانہ کشیدگی منظر عام پر نہیں آئی۔