اے پی ایس شہدا کو خراج عقیدت کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی قومی اسمبلی

قومی اسمبلی میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے قرارداد اسمبلی میں پیش کی۔

قومی اسمبلی میں اے پی ایس شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آنے والی نسلوں کو دہشت گردی سے پاک ملک حوالے کیا جائے گا۔

سانحہ پشاور پر بحث کے دوران نون لیگ کی شائستہ پرویز آبدیدہ ہو گئیں۔ انہوں نے رندھی ہوئی آواز میں تقریر ادھوری چھوڑ دی۔

پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور ایم کیو ایم کے محمد وسیم نے مدارس اصلاحات نہ ہونے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ مدارس کے بجائے اعلی تعلیمی اداروں میں دہشت گردی پنپ رہی ہے، وہ یہ جنگ نسلوں تک ختم ہوتے نہیں دیکھ رہے۔

جماعت اسلامی کی عائشہ سید نے چاروں صوبوں میں اے پی ایس شہدا کے نام سے یونیورسٹی قائم کرنے اور سولہ دسمبر کو عام تعطیل کا مطالبہ کیا۔

اعجاز الحق اور ایم کیو ایم کی ثمن جعفری نے حکومت کو نیشنل ایکشن پلان پر ایوان اور پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا مشورہ دیا۔ جے یو آئی ف کی آسیہ ناصر نے نصاب اور دہشت گردی کے خلاف پالیسی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

install suchtv android app on google app store