عمران خان اور ریحام میں طلاق ہوگئی، عمران خان نے تصدیق کر دی

عمران خان اور ریحام میں طلاق ہوگئی سچ ٹی وی سکرین گریب عمران خان اور ریحام میں طلاق ہوگئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان میں طلاق ہوگئی.عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں طلاق کی تصدیق کر دی۔

پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق کے مطابق عمران خان اور ریحام خان نے ہاہمی رضا مندی سے طلاق کا فیصلہ کیا ہے.

نعیم الحق نے مزید کہا کہ معاملے کی سنجیدگی اور نزاکت کے پیش نظر میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا، "یہ میرے، ریحام اور ہمارے خاندانوں کے لیے دکھ کی گھڑی ہے، میری میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ ہماری ذاتی زندگی کے فیصلے کا احترام کرے"۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ریحام خان کے اخلاقی کردار اور غریبوں کی مدد کے جذبے کا بہت احترام کرتے ہیں۔

تاہم انھوں نے طلاق کے موقع پر کسی قسم کے مالی معاہدے کی رپورٹس کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔

 ریحام خان نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان سے اپنی طلاق کی تصدیق کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریحام خان اس وقت لندن میں موجود ہیں۔

ذرائع نے کے مطابق "وہ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے."

"ریحام خان سیاست میں آنا چاہتی تھیں، تاہم عمران خان ایسا نہیں چاہتے تھے، ریحام خان گھر میں نہیں بیٹھنا چاہتی تھیں".

یاد رہے کہ 2 ماہ قبل عمران خان نے ریحام خان پر پی ٹی آئی کی کسی تقریب یا فنکشن میں شرکت کرنے پر پابندی لگادی تھی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریحام کو پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں دیا جائے گا.

پی ٹی آئی کی کچھ تقاریب میں شرکت نے لوگوں کے ذہنوں میں اس تاثر کو جنم دیا کہ شاید ریحام خان سیاست کے میدان میں قدم رکھنے جارہی ہیں،تاہم عمران خان نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا.

عمران خان اور ریحام خان 10 ماہ قبل، 5 جنوری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے.

عمران خان نے پہلی شادی جیمز گولڈسمتھ کی بیٹی جمائما گولڈسمتھ سے کی تھی۔ تاہم 1990 کے وسط میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے والے عمران خان کو اپنی پہلی شادی کی وجہ سے مذہبی اور اعتدال پسند لوگوں کی جانب سے تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

عمران خان کی پہلی شادی نو سال برقرار رہنے کے بعد سال 2004 میں ٹوٹ گئی تھی۔

ریحام سے دوسری شادی کے بعد عمران خان کی سابقہ شریک حیات جمائمہ خان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کے لیے دوسری شادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں امید ہے کہ عمران خان اپنے زندگی کے اس نئے دور میں خوش رہیں گے۔

install suchtv android app on google app store